ابنا: پاکستان کی وزیرِ خارجہ حنا ربانی کھر نے نیٹو کی اس رپورٹ کو رد کردیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ افغانستان میں طالبان کو پاکستانی سکیورٹی اداروں سے براہِ راست مدد مل رہی ہے۔
پاکستانی وزیرِ خارجہ نے کابل میں افغان وزیر خارجہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں پاکستان کا کوئی خفیہ ایجنڈہ نہیں۔ حنا ربانی کھر نے کہا کہ نیٹو خود طالبان کی حمایت کررہے ہیں امریکہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کررہا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے نومبر میں سلالہ چیک پوسٹ پر نیٹو کے حملے کے نتیجے میں اپنے چوبیس فوجیوں کی ہلاکت کے بعد سے اب تک نیٹو کو جانے والی رسد کا راستہ بند کر رکھا ہے اس کے بعد نیٹوکی طرف سے پاکستان کے خلاف نت نئے الزامات عائد کئے جارہے ہیں۔........ /169